بنگلورو،28/مئی(ایس او نیوز) برگشتہ کانگریس اراکین اسمبلی میں شمار کئے جانے والے مہیش کمٹبلی نے آج وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی اور نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور سے بات چیت کے بعد واضح کیا کہ کسی بھی حال میں وہ کانگریس چھوڑنے والے نہیں ہیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بعض میڈیا چینلوں میں یہ خبر پھیلادی گئی ہے کہ وہ گوا کے کسی ریسارٹ میں مقیم ہیں ایسا بالکل نہیں ہے۔ ایک اور برگشتہ رکن اسمبلی رمیش جارکی ہولی کے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مہیش نے کہاکہ رمیش اب بھی کانگریس کے رکن اسمبلی ہیں انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی سرکاری بورڈ، کارپوریشن یا وزارت کے دعویدار نہیں ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے اسمبلی حلقے کی ترقی کی طرف توجہ دی جائے۔ ان کے حلقے کے لئے دریائے کرشناسے آنے والا پینے کا پانی درکار ہے۔اس مقصد کے لئے وہ بنگلور میں موجود ہیں۔ رمیش جارکی ہولی سے ان کی ملاقات اور اس کے بعد وزیراعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ سے ان کی بات چیت کا غلط مطلب نکالا نہیں جانا چاہئے۔